ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قرض داروں کا قرضہ معاف کروانے کے لئے بھٹکل میں متحرک ہے سالگار سنگھا ؛ پریس کانفرنس میں پیش کی گئی سرگرمیوں پر مبنی رپورٹ

قرض داروں کا قرضہ معاف کروانے کے لئے بھٹکل میں متحرک ہے سالگار سنگھا ؛ پریس کانفرنس میں پیش کی گئی سرگرمیوں پر مبنی رپورٹ

Wed, 27 Feb 2019 20:32:15    S.O. News Service

بھٹکل 27؍فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میں’سالگارر شمے ابھیروھی سنگھا‘ کے نام سے ایک ایسا رجسٹرڈ ادارہ بھی ہے جو بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے قرضہ لے کر اس کے بوجھ تلے دبے ہوئے انسانوں کو راحت دلانے کی سرگرمیا ں انجام دے رہا ہے۔ اس تعلق سے  سنگھا کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی تفصیلات کا خاکہ پیش کرنے آج یہاں کے ایک نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں  بتایا گیا کہ  گزشتہ ۱۳سال سے قائم اس ادارے کی جانب سے قرض داروں اور بینکوں کے درمیان مصالحت کرکے ان کا بڑھا چڑھا قرضہ معاف کروانے اور قرض دار کی اپنی مالی حالت کے مطابق چھوٹی موٹی رقم پر تصفیہ کروانے کی کامیاب کوششیں کی جارہی ہیں۔اور بہت سارے قرض داروں کو عدالتی چکرمیں پھنسنے اور جیلوں میں قید ہونے سے بچالیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بیلنی کے نارائن دیواڑیگا کے معاملے کی مثال پیش کی گئی، کہ کس طرح وہ غریب آدمی اپنی بیٹی کی شادی اور دوسری ضروریات کے مالیاتی اداروں اور بینکوں سے جملہ ۴ لاکھ روپے کا قرضہ لے کر بری طرح پھنس گیا ہے۔اس کی مزید تین بیٹیاں شادی لائق ہیں۔ وہ کسی بھی حالت میں بینک کاقرضہ ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔اس نے دیگر کئی بینکوں کے علاوہ ۱۵سال قبل گرامین وکاس بینک سے ۲۰ ہزار روپے قرض لیا تھا۔ اب وہ قرض بڑھ کر ایک لاکھ روپے ہوگیا تھا۔بینک والے اس کے گھر کے چکر کاٹ رہے تھے اور رقم واپس نہ لوٹانے کی صورت میں اس پر عدالتی کارروائی کرنے اور جیل بھیجنے کی بات کر رہے تھے۔

جب نارائن دیواڑیگا نے سنگھا سے رابطہ قائم کیا تو ادارے کے ذمہ داروں نے بینک کے منیجر سے بات چیت کی اور مصالحت کرتے ہوئے یکمشت۱۵ ہزارروپے لوٹاکر اس کا بقیہ قرضہ معا ف کروانے کا معاملہ طے کیا۔ نارائن کی طرف سے۱۵ہزار روپے خود سنگھا نے اپنی جانب سے اداکیے۔سنگھا کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ہزاروں غریب افراد اس وقت بھٹکل تعلقہ میں قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے کسانوں کا قرضہ معاف کرنے کے اعلانات ہوتے ہیں۔ کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ کے افسران کو چاہیے کہ کسانوں کے علاوہ عام قرض داروں کو بھی اس بوجھ سے چھٹکارا دلانے کے لئے مصالحتی کارروائی کریں اور عدالتی چکروں سے قرض داروں کو نجات دلانے کے لئے بینکوں اور قرض داروں کے بیچ رابطے کاکام کریں۔

پریس کانفرنس میں قرضہ معافی سنگھا کے اعزازی صدر نذیر قاسمجی، صدر گنپتی نائک جالی، نائب صدر ایم ڈی نائک، سنجیو نائک، جنرل سیکریٹری سریش پجاری، بھارتیہ کسان سنگھا جنوبی زون کے کنوینر شریدھر ہیبار، ایڈوکیٹ دامودر نائک، شنکر ہونّے گدّے، کے سلیمان، منجپّا نائک، گنپتی گونڈا، سبرایا باکڑ، لکشمن نائک جالی وغیرہ موجود تھے۔


Share: